Friday, 16 March 2018

بین الصوبائی گیمز،پنجاب کا 325رکنی دستہ پشاور روانہ

 
لاہور(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کا 325رکنی دستہ چوتھی بین الصوبائی گیمز میں شرکت کیلئے جمعہ کے روزپشاور روانہ ہوگیا، ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے پنجاب سٹیڈیم سے دستے کو روانہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، ڈی ایس او ساہیوال اکبر مراد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیس الرحمٰن بھی موجود تھے، ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے دستے کی روانگی کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں اور پنجاب کے اعزاز کا دفاع کریں، ہر کھلاڑی جیت کے جذبے اور لگن کے ساتھ میدان میں اترے اور زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو تربیت کیمپ میں بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں اور ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کرائی ہے، اب کھلاڑیوںکا فرض ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔
 
 
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پاکستان بھر کے کھلاڑیوں سے ہوگا جس کیلئے کھلاڑیوں کو زیادہ محنت کی ضرورت ہوگی، ہم پرامید ہیں کہ تمام کھلاڑی ہر گیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ایونٹ کو جیت کر یادگار بنا دیں گے۔سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ نے اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایونٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔چوتھی بین الصوبائی گیمز میں مردوں کی ٹیمیں 26جبکہ خواتین کی ٹیمیں 10گیمز میں حصہ لیں گی۔
 

پاکستان سپر لیگ،ٹاپ فور کی لائن اپ مکمل 

شارجہ(سپورٹس ٹائمز رپورٹ) پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل تھری کا لیگ مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور لاہور قلندرز کے بعد ملتان سلطانز بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں کے 10، 10 میچز مکمل ہونے کے بعد جن چار ٹیموں نے ٹاپ فور میں جگہ بنائی ان میں پہلے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز، تیسرے نمبر پر پشاور زلمی اور چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی ٹاپ فور میں جگہ بناچکی تھیں جبکہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کو ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے لیے اپنے آخری میچز ہر حال میں جیتنے تھے۔پشاور زلمی نے اپنے آخری لیگ میچ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی اور کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ دوسرا نمبر کراچی کنگز کا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 11 ہے۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10، 10 پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کے اعتبار سے پشاور تیسرے اور کوئٹہ چوتھے نمبر پر ہے۔پاکستان سپر لیگ کا پہلا پلے آف میچ 18 مارچ کو پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیموں یعنی اسلام آباد اور کراچی کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔دبئی میں ہونے والے پہلے پلے آف کے بعد پی ایس ایل کی رونقیں پاکستان منتقل ہو جائیں گی جہاں دو ایلیمنیٹر میچوں کے بعد فائنل کھیلا جائے گا۔پہلے پلے آف کی فاتح ٹیم براہ راست 25 مارچ کو کراچی میں ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک موقع اور ملے گا۔دوسرا پلے آف پشاور اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور جو ٹیم جیتے گی وہ پہلے پلے آف کی شکست خوردہ ٹیم سے مقابلہ کرے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔